دارالمدینہ کی خبریں

دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کے کیمپسز میں عرس حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ کا انعقاد۔

 

Saturday, 05 November, 2022

دُنیا بھر میں مسلمانوں کی ایک کثیر تعداد حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ سے اپنی عقیدت کا اظہار کرنے اور انہیں ایصال ثواب کرنے کے لیے محافل کا انعقاد کرتی ہے۔دارالمدینہ میں ہونے والی یہ محافل تعلیم و تربیت کا ذریعہ ہیں۔ان محافل کا مقصد طلبہ کو بچپن ہی سے بزرگان دین کے کردار کے ذریعے اللہ پاک کی عبادت کا ذوق اور علم دین حاصل کرنے کا شوق پیدا کرنا ہے۔ ان محافل میں حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی اور دیگر اولیائے کرام رَحْمَةُ اللهِ تَعَالٰی عَلَيْهِمْ کی سیرت طیبہ کے درخشندہ پہلوؤں کو اجاگر کیا جاتا ہے تاکہ طلبا و طالبات کی اسلامی نہج پر دُرست تربیت ہوسکے اور اُن کی سیرت و کردار میں اسلاف اُمت کا طرزِ عمل بھی جھلک سکے ۔دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم میں حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ کے عرس کے موقع پر محافل منعقد ہوئیں۔اس موقع پر کیمپسز کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا ۔حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ کی سیرت سے متعلق چارٹس بھی لگائے گئے تھے۔ان محافل کا آغاز تلاوت ِ قرآن مجید سے ہوا۔ بعد ازاں بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں طلبہ نے نعت شریف پڑھنے اور بیان کرنے کی سعادت حاصل کی۔ حضور غوث پاک رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ کی منقبت اور بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں دُرود وسلام بھی پیش کیا گیا ۔ طلبہ کی دل چسپی مزید بڑھانے کے لیے اس میں حسن قرأت، نعت ، بیان اور ذہنی آزمائش کے مقابلے بھی ہوئے۔جن میں بہترین کامیابی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں ۔ ان محافل میں دارالمدینہ کے ڈویژن ہیڈزنے بھی شرکت کی۔